ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پنجاب جے ای ای-نیٹ امتحان ملتوی کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں داخل کرے گا اجتماعی عرضی

پنجاب جے ای ای-نیٹ امتحان ملتوی کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں داخل کرے گا اجتماعی عرضی

Thu, 27 Aug 2020 21:31:18    S.O. News Service

چندی گڑھ،27؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کووڈ-19 وبا کے درمیان سپریم کورٹ سے جے ای ای-نیٹ امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کرنے والے ہیں۔ اس کے لیے انھوں نے اپنے ایڈوکیٹ جنرل اتل نندا سے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں اجتماعی عرضی داخل کرنے کے لیے اپوزیشن حکمراں ریاستوں سے تال میل قائم کریں۔

امریندر سنگھ نے کسی کے ذریعہ دیئے گئے ایک مشورے کے جواب میں کہا کہ پی ایم نریندر مودی کے پاس امتحانات کو ملتوی کرنے کے ایشو پر غور کرنے کے لیے وقت نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ "ہم سبھی کو امتحان ملتوی کرنے کے لیے سپریم کورٹ کا رخ کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے لاکھوں طلبا کی زندگی کو خطرہ ہے۔"

دنیا بھر میں آن لائن منعقد ہونے والے امتحانات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مشورہ دیا کہ جے ای ای اور نیٹ سمیت دیگر پیشہ ورانہ امتحانات بھی آن لائن منعقد کیے جا سکتے ہیں۔ آف لائن امتحانات منعقد کر کے طلبا کو جوکھم میں ڈالنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس تعلق سے ہوئی میٹنگ میں امریندر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے لیے لازمی کیے گئے مینس امتحانات کے ایشو پر بار بار دلیلیں دینے کے بعد بھی یو جی سی نے ان کی حکومت کی فکر کو توجہ نہیں دی۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ "ہم ستمبر میں کیسے امتحان کرا سکتے ہیں جب کہ امکان ہے کہ ریاست میں اس وقت کووڈ اپنے عروج پر ہوگا؟ میں بھی چاہتا ہوں کہ طلبا امتحان دیں اور پاس بھی ہوں، لیکن بحران کے درمیان یہ کیسے کر سکتا ہوں۔"

دوسری طرف اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر جے ای ای اور نیٹ کے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں امتحانات ستمبر کے دوسرے ہفتے میں منعقد کیے جانے ہیں۔ پٹنایک نے کہا کہ ریاست میں سیلاب سے حالات خراب ہیں اور حکومت کووڈ وبا سے جنگ لڑ رہی ہے۔ ایسے میں امتحان دینے میں طلبا کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس سے قبل پٹنایک مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک کو بھی اس سلسلے میں خط لکھ چکے ہیں۔ پٹنایک نے نشنک سے کہا کہ دونوں امتحانات کو ملتوی کر دیا جائے۔ نوین پٹنایک نے نشنک سے یہ بھی گزارش کی تھی کہ وہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) سے کہیں کہ اڈیشہ کے سبھی 30 اضلاع میں امتحان کے لیے سنٹر بنائے۔


Share: